ملی ٹینٹوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، کشمیر میں حالات بہتری کی جانب گامزن : ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف

ملی ٹینٹوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، کشمیر میں حالات بہتری کی جانب گامزن : ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف

جموں،16 مارچ: ڈائریکٹر جنرل آف سی آر پی ایف کلدیپ سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہے ۔انہوں نے کہاکہ سال 2021-22 کے دوران 162ملی ٹینٹ اور نکسلی مارے گئے اور 15سو کے قریب کو گرفتار کیا گیا ۔اُن کے مطابق فرائض کی انجام دہی کے دوران 12سی آر پی ایف اہلکار جاں بحق ہوئے اور 169 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایم اے سٹیڈیم میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہے اورپیرا ملٹری فورس کے اہلکار امن و امان کے قیام کی خاطر اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔

شوپیاں میں رخصت پر آئے سی آر پی ایف اہلکار کی ہلاکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈی جی سی آر پی ایف نے بتایا کہ رواں سال اس طرح کا یہ پہلا واقع رونما ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سی آر پی ایف کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا گیا۔
موصوف ڈی جی نے بتایا کہ رخصت پر کون اہلکار گھر آیا جنگجو اس پر بھی نظر گزر رکھے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر میں تعینات سی آر پی ایف اہلکار اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔

ملی ٹینٹوں کی جانب سے مذہبی مقامات کو بطور پناہگاہ استعمال کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پیرا ملٹری فورسز کے چیف نے بتایا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔
انہوں نے بتایا کہ جہاں پر بھی ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں اُنہیں چن چن کر مارا جائے گا۔
سالانہ امر ناتھ یاترا کے بارے میں سی آر پی ایف کے ڈی جی نے بتایا کہ سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے جائیں گے۔

کشمیر فائلز فلم کی سپیشل سکریننگ کے بارے میں ڈی جی نے بتایا کہ ابھی تک میں نے یہ فلم نہیں دیکھی تاہم جس فلم سے ترغیب ملتی ہو اُس کو ضرور دیکھنا چاہئے۔

اس سے قبل ایم اے سٹیڈیم میں پریڈ سے خطاب کے دوران پیرا ملٹری فورسز کے چیف نے کہاکہ سال 2021-22 کے دوران سی آر پی ایف نے 162ملی ٹینٹوں اور نکسلیوں کو مار گرایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران 1500کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ 750نے خود سپردگی کی۔
اُن کے مطابق سی آر پی ایف نے دو سالوں کے دوران ملی ٹینٹوں اور نکسلیوں سے 415 ہتھیار، 13ہزار گولیوں کے راونڈ 14سو کلو بارودی مواد، 225 گرینیڈس، 115بم ، 615 ای آئی ڈیز، 24 سو ڈٹونیٹرس، 5336سٹکس، نقدی 3.27کروڑ اور 25775کلو ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی۔

انہوں نے کہاکہ فرائض کی انجام دہی کے دوران 12اہلکار وں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا اور 169زخمی ہوئے ہیں۔

موصوف نے بتایا کہ پچھلے 82 برسوں کے دوران سی آر پی ایف کو بہادری کے لئے 2309 گلنٹری ایوارڈ ملے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ پیرا ملٹری فورس ملک کی طاقتور فورس ہے اور یہ کہ لااینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے میں سی آر پی ایف اہلکار کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات ہو یا مذہبی فیسٹول سی آر پی ایف اہلکار چوبیس گھنٹے اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔

سی آر پی ایف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے ڈی جی نے بتایا کہ اس حوالے سے زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔

دفعہ 370 کی منسوخی کے بارے میں ڈی جی سی آر پی ایف نے کہاکہ اس قانون کو منسوخ کرنے کے بعد پیرا ملٹری فورسز نے وادی کشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر بہترین کام کیا اور مرکزی اور جموں وکشمیر یوٹی انتظامیہ نے اس کی ستائش کی ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.