سری نگر،9 مارچ: سری نگر کے ہسپتال برائے امراض سینہ کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے کورونا وبا کے خاتمے کی امید ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارچ 2020 سے پہلی بار سی ڈی ہسپتال میں گذشتہ روز کورونا کا کوئی بھی مریض داخل نہیں کیا گیا۔
موصوف سربراہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’مارچ 2020 سے پہلی بار ایسا ہوا کہ سی ڈٰی ہسپتال میں کورونا کا ایک بھی مریض داخل نہیں کیا گیا، امید کی جاسکتی ہے کہ یہ وبا ختم ہونے والی ہے‘۔
بتادیں کہ کورونا کی تیسری لہر میں نمایاں کمی واقع ہونے کے بعد وادی میں طویل مدت کے بعد ماہ رواں کی دو تاریخ سے تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل بحال ہوگیا ہے۔
ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی سال گذشتہ کے آخری مہینوں میں کورونا کی لہر تیز ہوگئی تھی جس کی روک تھام کے لئے حکام نے کئی اقدام کئے تھے۔
حکام نے جموں وکشمیر میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن کا دوبارہ نفاذ بھی عمل میں لایا تھا۔
ادھر ماہرین کا ماننا ہے کہ لوگوں کو کورونا کی ممکنہ چوتھی لہر سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
تاہم انہوں نے لوگوں سے اس وبا کی مکمل روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے کورونا گائیڈ لائنز پر من و عن عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
یو این آئی