کولگام میں عمر رسیدہ شہری سے چالیس ہزار روپیے لوٹے گئے، چار گرفتار: پولیس

کولگام میں عمر رسیدہ شہری سے چالیس ہزار روپیے لوٹے گئے، چار گرفتار: پولیس

سری نگر، 8 مارچ:جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں گذشتہ ماہ ایک عمر رسیدہ شہری کے اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی کرکے چالیس ہزار روپیہ نکالنے کے بعد چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ 14 فروری کو پولیس اسٹیشن کولگام کو ایک شہری کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی کہ اس کا والد چھ فروری کو جموں و کشمیر بینک کولگام کی اے ٹی ایم پر پیسے نکالنے کے لئے گیا۔

انہوں نے کہا: ‘چونکہ میرا والد اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنا نہیں جانتا ہے لہذا اس نے وہاں موجود ایک نامعلوم شخص کو پیسے نکالنے کو کہا اور اس کو اے ٹی ایم کارڈ دیا اور اس کا پن بتا دیا‘۔
ان کا بیان میں کہنا تھا: ’مذکورہ شخص نے دھوکہ دہی کرکے اے ٹی ایم کارڈ کو بدل دیا اور اس اکاؤنٹ سے چالیس ہزار روپیے نکالے اور اس کے بعد بھی اس کاؤنٹ سے کئی بار پیسے نکالے‘۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ پولیس نے اس شکایت پر ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران مشکوک افراد کی ایک فہرست ترتیب دی گئی اور ان کی پوچھ گچھ کے بعد چار افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

گرفتار شدگان کی شناخت سہیل احمد وانی ساکن رنگر پورہ کولگام (اے ٹی ایم کارڈ بدلنے والا)، وسیم احمد گنائی ساکن رنگر پورہ کولگام، عدنان احمد آہنگرساکن زیارت گلی کولگام اور عمر یعقوب نائیک ساکن کھلورہ ملون کے بطور کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان نے مختلف چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور ان کی تحویل سے چھ اے ٹی ایم کارڈ، چھ موبائیل فون اور پندرہ ہزار رپیے نقدی بر آمد کئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں اورمزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.