جمعہ, جنوری ۱۶, ۲۰۲۶
8.5 C
Srinagar

کشمیر میں آنے والے دنوں میں وسیع پیمانے پر برف باری کا امکان

سری نگر،:  یکے بعد دیگرے دو مغربی ہوائوں کے داخل ہونے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں اگلے دس دنوں کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان ہے اور اس دوران 22 سے 25 جنوری تک وسیع پیمانے پر برف وباراں کی توقع ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 16 سے 18 جنوری تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں ہلکی برف یا بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک کمزور مغربی ہوا کے زیر اثر وادی میں 19 اور 20 جنوری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 21 جنوری کو موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد میں 22 جنوری کو ایک مضبوط مغربی ہوا کے داخل ہونے کے نتیجے میں 25 جنوری تک بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے جس کا زیادہ اثر 23 اور 24 جنوری کو رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران پیر پنچال اور چناب وادی کے کچھ اضلاع اور جنوبی کشمیر کے اضلاع میں درمیانی سے بھاری برف باری کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 26 جنوری کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکے درجے کا برف وباراں متوقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ اس دوران خاص طور پر 19 اور 20 جنوری اور بعد میں 22 سے 24 جنوری تک مغل روڈ، سنتھن ٹاپ، سادھنا پاس، زوجیلا اور رازدان ٹاپ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر رہ سکتی ہے۔
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ خاص طور پر 23 اور 24 جنوری کو محکمہ ٹریفک اور انتظامیہ کی طرف سے جاری ایڈوائزرز کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران کاشتکاری سے متعلق کام بند رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خطرات ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جموں صوبے میں آنے والے دنوں کے دوران دھند میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے اور درجہ حرارت میں بھی اضافے کی توقع ہے۔
دریں اثنا وادی میں چلہ کلاں کے آخری دنوں کے دوران وسیع پیمانے کے برف و باراں کی پیش گوئی سے اہلیان وادی خاص طور پر کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ چلہ کلاں میں ہونے والی برف باری کافی فائدہ مند ہوتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں سخت سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں چل رہا ہے جو 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img