بدھ, مئی ۱۴, ۲۰۲۵
16.4 C
Srinagar

تشویش اور مذمت سے کچھ نہیں ہو گا ۔۔

اتوار کے روز لالچوک کے قریب اُس وقت گرنیڈ دھماکے میں لگ بھگ تین درجن افراد شدید زخمی ہو گئے اور ایک نو عمر لڑکی سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

یہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب یہاں لوگ سنڈے مارکیٹ میں اپنے اور اپنے اہل وعیال کیلئے ساز وسامان خرید نے میں مصروف تھے ۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس طرح کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں دھماکہ کیا گیا ہوبلکہ اس سے قبل بھی کئی بار اس طر ح کی وارداتیں انجام دی گئیںجن میں جان ومال کا نقصان ہوا ۔

جب بھی وادی میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہونے لگتے ہیں ،سیاحتی سیزن شروع ہونے لگتا ہے ،لوگ روزگار کمانے لگتے ہیں ،بچے اسکول جانے لگتے ہیں اور بہتر ڈھنگ سے روزمرہ کی زندگی چلنے لگتی ہے، تو اس طرح کی وارداتیںانجام دی جاتی ہیں تاکہ لوگوں میں خوف ودہشت قائم رہے اور وہ ترقی وخوشحالی سے دور رہ سکے ۔

اعداد وشما ر کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سے لوگ جوق درجوق وادی کی سیر کرنے کیلئے آرہے ہیں ،فلائٹوں میں تل رکھنے کی جگہ نہیں ہوتی ہے اور صحت افزاءمقامات میں دکاندار ،ہوٹل والے ،ہوس بوٹ مالکان ،شکارہ والے ،ٹیکسی ڈرائیور حضرات دن رات کام میں مصروف ہو رہے ہیں ،بازاروں میں رونق بحال ہو چکی ہے ۔

لوگوں کی اقتصادی حالت بہتر ہونے لگی ہے اور اتوار کے روز سنڈے مارکیٹ میں بھی کروڑوں روپے کا کاروبار ہو تاہے، جو اُن لوگوں کیلئے ہر گز اچھی بات نہیں ہے جو تشدد اور حالات بگاڑنے سے ہی اپنی روز روٹی کمانے کے عادی ہو گئے ہیں ۔

لہٰذا وہ اس طاق میں بیٹھے رہتے ہیں کہ کب انہیں موقع ملے اور وہ اپنی موجودگی کا اظہار کر سکے ۔

بہرحال انسانی خون بہانا کسی بھی مذہب میں جائز نہیں ہے ۔

امیراکدل کے قریب ہوئے اس دلدوز واقعہ پر جہاں سماج کے مختلف طبقوں نے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے، وہاں سرکا ر اور انتظامیہ نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے ۔

سوال یہ ہے کہ مذمت کرنے یا افسوس جتانے سے کچھ فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا ہے بلکہ حفاظتی اداروں کی ذمہ داری بن جاتی ہے کہ وہ صحت افزاءمقامات ،بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور سنڈے مارکیٹ جیسے حساس جگہوں پر کڑی نظر گذر رکھیں اور اُن افراد کو پکڑنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں جنہوں نے یہ کا م انجام دیا ہے تاکہ باہر سے وارد ہو رہے سیاحوں میں خوف نہ پھیل جائے جن کی بدولت یہاں کی اقتصادی حالت میں بہتری ہو رہی ہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img