تمام بین الاقوامی مسافروں کی آر ٹی- پی سی آر ٹیسٹنگ لازمی ہے: صوبائی کمشنر کشمیر

تمام بین الاقوامی مسافروں کی آر ٹی- پی سی آر ٹیسٹنگ لازمی ہے: صوبائی کمشنر کشمیر

سری نگر/ صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ سری نگر آنے والے تمام بین الاقوامی مسافروں کی آر ٹی- پی سی آر ٹیسٹنگ لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم یہاں ابھی اومی کرون کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر کے جن علاقوں میں کورونا کے زیادہ کیسز آرہے ہیں ان کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے۔
موصوف نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر میں جو بھی بین الاقوامی مسافر آتے ہیں چاہئے شارجہ سے یا کسی اور جگہ سے ان کی آر ٹی- پی سی آر ٹیسٹنگ لازمی ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’ان مسافروں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں اور ٹیسٹ رپورٹ آنے تک انہیں ہوٹل میں کورنٹائن کیا جاتا ہے پھر جن کی رپورٹ مثبت آتی ہے انہیں کووڈ ہسپتال واقع کھنموہ منتقل کیا جاتا ہے‘۔
موصوف نے کہا کہ یہاں ابھی تک اومی کرون کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے اور وبا کی یہ نئی قسم بھی بہت ہی تیزی سے پھیلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کچھ علاقوں میں کورونا کے کیسز زیادہ آتے ہیں ان علاقوں کو بندش والے علاقے قرار دیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے لوگوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے چند روز قبل کہا کہ بیرون ممالک سفر کرنے والے مقامی مسافروں کے خلاف اپنی سفری ہسٹری چھپانے والے کے پاداش میں قانونی چارہ جوئی کے علاوہ ان پر 20 ہزار روپیہ جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.