جموں وکشمیر انتظامیہ اور دوبئی حکومت کے درمیان ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پر ایک ایم او یو پر دستخط

جموں وکشمیر انتظامیہ اور دوبئی حکومت کے درمیان ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پر ایک ایم او یو پر دستخط

سری نگر/جموں وکشمیر انتظامیہ نے حکومت دوبئی کے ساتھ ریئل اسٹیٹ بزنس، صنعتی پارکوں، سپر سپیشلٹی ہسپتالوں، آئی ٹی ٹاوروں، میڈیکل کالجوں وغیرہ پر ایک میمورنڈم آف انڈر سٹینڈنگ (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔

یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ ہم جموں وکشمیر میں ایک نئی صنعتی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں اور اس ایم او یو سے یونین ٹریٹری میں تجارتی شعبے کی رفتار میں تیزی واقع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اور دوبئی حکومت کے درمیان ایک ایسا معاہدہ طے پایا ہے جو یونین ٹریٹری کو پائیدار صنعتی ترقی میں نئی بلندیوں تک پہنچنے میں مدد دے گا۔

موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز اس ایم او یو پر دستخط ہونے کے بعد اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔

ان کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا: ’حکومت دوبئی اور جموں و کشمیر حکومت نے ایک ایسا معاہدہ طے کیا ہے جو یونین ٹریٹری کو پائیدار صنعتی ترقی میں نئی بلندیوں پر پہنچنے میں مدد دے گا آج کا دن جموں و کشمیر کے ترقی کے سفر کا ایک اہم دن ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں ایک نئی صنعتی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ’ہم جموں وکشمیر میں ایک نئے صنعتی کلچر کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں۔ یہ ایم او یو جموں وکشمیر کی وسیع تر ترقی کے متعلق ہے اور میں پر امید ہوں کہ اس ایم او یو سے یونین ٹریٹری میں شعبہ تجارت کی رفتار تیز ہوگی جس پر لوگوں کی خوشحالی کا انحصار ہے‘۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منوج سنہا کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا: ’جموں و کشمیر کی بے مثال ترقی کے لئے میں وزیر اعظم شری نریندر مودی اور وزیر شری داخلہ امیت شاہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں یہ ایم او یو آتم نر بھرجموں و کشمیر کی تعمیر کرنے کے ہمارے عزم کی تصدیق کرتا ہے‘۔

مرکزی وزیر برائے کامرس اینڈ انڈسٹریز پیوش گوئل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ میرے حالیہ دورہ دوبئی کے دوران سلطان احمد نے بھارت خاص طور پر جموں وکشمیر کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ وہ یہاں ریئل اسٹیٹ بزنس میں سرمایہ کاری کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ان کو یہاں آنے کی دعوت دی جس کے نتائج اب واضح ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دوبئی کے لوگوں کی اب جموں و کشمیر میں بھیڑ لگ جائے گی اور یونین ٹریٹری سیاحت اور ریئل اسٹیٹ بزنس میں کافی آگے جائے گی۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.