نئی دہلی: مہاراشٹر کے بارامتی میں بدھ کی صبح گر کر تباہ ہونے والے طیارے کا بلیک باکس برآمد کر لیا گیا ہے۔
جانچ میں شامل حکام نے جمعرات کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے لیئر جیٹ 45 طیارے کا بلیک باکس جائے وقوعہ سے مل گیا ہے۔ اس طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، ان کے ایک نجی سیکورٹی افسر، ایک اسسٹنٹ اور عملے کے دو ارکان کی موت ہوگئی تھی۔ اے اے آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل کی قیادت میں جانچ ٹیم بدھ کو ہی بارامتی پہنچ گئی تھی۔
تباہ ہونے والا طیارہ بزنس جیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی وی ایس آر وینچرز کا تھا۔ مسٹرپوار ممبئی سے بارامتی جا رہے تھے جہاں انہیں مقامی اداروں کے انتخابات کے سلسلے میں عوامی پروگراموں میں شرکت کرنی تھی۔
شہری ہوا بازی کی وزارت نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ تفصیلی، شفاف اور مقررہ وقت کے اندر تحقیقات مکمل کرنا اس کی ترجیح ہے۔ اے اے آئی بی کے تین افسران کی دہلی سے گئی ٹیم اور شہری ہوا بازی کے ڈائرکٹریٹ جنرل (ڈی جی سی اے)کے تین افسران کی ممبئی کی ٹیم جانچ کر رہی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ اے اے آئی بی کے ضابطہ 5 اور 11 کے تحت جانچ شروع کردی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جس وقت حادثہ ہوا، اس وقت بارامتی میں موسم صاف تھا اور حدِ بصارت3,000 میٹر تھی۔ ہوا رکی ہوئی تھی۔ بارامتی ایئر فیلڈ پر لینڈنگ کے دوران پائلٹ نے پہلے دو بار رن وے نظر نہ آنے کی بات کہی تھی، جس کی وجہ سے طیارہ نہیں اتر سکا۔ تیسری بار پائلٹ نے کہا کہ اسے رن وے دکھائی دے رہا ہے اور طیارے کو صبح 8:43 بجے اترنے کی اجازت دے دی گئی۔ اس کے بعد 8:44 بجے اے ٹی سی (اے ٹی سی) نے رن وے 11 کے ایک سرے پر آگ کے شعلے دیکھے۔
حادثے کا شکار طیارہ 16 سال پرانا تھا۔ یہ 2010 میں بنا تھا اور اسے 27 دسمبر 2022 کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا۔ کمانڈ پائلٹ کے پاس 1,500 گھنٹے سے زیادہ کی پرواز کا تجربہ تھا۔ کو-پائلٹ کے پاس بھی تقریباً 1,500 گھنٹے کی پرواز کا تجربہ تھا۔
وی ایس آر وینچرز کے بیڑے میں سات لیئر جیٹ 45 طیارے (بشمول حادثہ کاشکار طیارہ)، پانچ ایمبریر 135 بی جے، چار کنگ
ایئر بی 200 طیارے اور ایک پلیٹس پی سی-12 طیارہ شامل ہیں۔ اس سے قبل 14 ستمبر 2023 کو بھی کمپنی کا ایک طیارہ ممبئی ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار ہوا تھا جس کی جانچ ابھی جاری ہے۔





