وجے دیوس :وزیر اعظم،نائب صدر ،وزیر دفاع اورراہل گاندھی کا خراج

وجے دیوس :وزیر اعظم،نائب صدر ،وزیر دفاع اورراہل گاندھی کا خراج

مودی نے کارگل کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا

نئی دہلی / وزیر اعظم نریندر مودی نے کارگل وجئے دیوس کے موقع پر کارگل کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کارگل وجئے دیوس 1999 کی کارگل جنگ میں شہید ہوئے ملک کے بہادروں کے اعزاز میں ہر سال 26 جولائی کو منایا جاتا ہے۔

وزیر اعظم نے پیر کے روز ایک ٹویٹ پیغام میں کہا ’’ ہم ان کی قربانی کو یاد کرتے ہیں ۔ ہم ان کی بہادری کو یاد کرتے ہیں ۔ آج کارگل وجے دیوس پر ہم اپنے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے کارگل میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ ان کی بہادری ہمیں ہر روز تحریک دیتی ہے ۔

اس پوسٹ کے ساتھ میں گزشتہ سال کے من کی بات پروگرام کے کچھ اقتباسات کی ویڈیو بھی شیئر کر رہا ہوں ‘‘۔ کارگل وجئے دیوس ہندوستانیوں کے لئے ایک بہت اہم دن ہے ۔ ہندوستان کے بہادرجوانوں نے اس دن کارگل کی چوٹیوں پر ڈیرا جمائے بیٹھے دراندازوں اور پاکستانی فوجیوں کو بھگایا تھا۔ تقریبا دو ماہ تک جاری رہنے والی اس لڑائی میں ہندوستانی افواج نے زبردست فتح حاصل کی تھی۔

نائیڈو نے کارگل کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا

 نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے کارگل جنگ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔مسٹر نائیڈو نے پیر کے روز یہاں جاری ایک پیغام میں کہا کہ کارگل شہدا اور ان کے اہل خانہ کا ملک ہمیشہ احسان مند رہے گا ۔ یہ بہادر جوان ہمیشہ یادوں میں رہیں گے۔

مسٹر نائیڈو نے کہا ’’ کارگل دیوس کے موقع پر میں پوری قوم کے ساتھ اپنی مسلح افواج کی ہمت اور بہادری کی داستانوں کو یاد کرتا ہوں ۔ میں کارگل جنگ اور آپریشن وجئے کے بہادروں کو سلام پیش کرتا ہوں اور عظیم قربانی دینے والے شہدا کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ‘‘۔

راج ناتھ نے وار میموریل جا کر کارگل کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج کارگل وجئے دیوس کے موقع پر یہاں نیشنل وارمیموریل جا کرمادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مسٹر سنگھ کے ساتھ وزیر مملکت برائے دفاع اجئے بھٹ نے بھی وارمیموریل پر ملک کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر سنگھ اور مسٹر بھٹ اب سے کچھ دیر قبل نیشنل وار میموریل پہنچے اور انہوں نے شہدا کوسلام پیش کیا۔

وزیر دفاع نے ٹویٹ کیا ’’ کارگل وجئے دیوس کے موقع پر میں ہندوستانی فوج کی جرأت ، شجاعت اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں‘‘۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ’’ کارگل جنگ کے بہادرجوانوں نے ہندوستان کی سلامتی کا سنہری باب اپنی ہمت ، بہادری اور قربانی سے لکھا ہے ‘‘۔

مشکل اور دشوار حالات کے باوجود ہندوستانی فوج نے کارگل میں جو فتح حاصل کی وہ اپنے آپ میں بے مثال ہے ۔ میں کارگل جنگ میں شہید ہونے والے سبھی بہادر فوجیوں کے اہل خانہ کو ایک بار پھر یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ ملک ان کی قربانی ، ان کی یاد کو کبھی فراموش نہیں کرے گا ۔ دہلی میں نیشنل وار میموریل ہمارے اس عزم کی علامت ہے ۔ امر چکر پر جل رہی امر جیوتی ہندوستانی فوج کی بہادری اور قربانی کی ’اگنی ساکشی ‘ہے ۔

راہل نےکارگل وجئے دیوس پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا

کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے پیرکے روز کارگل وجئے دیوس کی 22 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا ’’ ہمارے ترنگا کے وقار میں اپنی جان دینے والے جوان کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت ۔ ملک کی سلامتی کے لئے آپ کی اور آپ کے اہل خانہ کی اس عظیم قربانی کو ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

واضح رہے کہ 22 سال قبل آج کے ہی دن ہندوستانی فوج نے کارگل کی پہاڑیوں سے پاکستان کو بھگا کر فتح حاصل کی تھی اور اس موقع پر پورا ملک آج کارگل وجئے دیوس منا کر ہندوستانی فوج کی ہمت اور بہادری کو سلام پیش کر کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کر رہا ہے ۔

یواین آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.