نئی دہلی، // ہندستان نے اتوار کو پاکستان کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک میں دہشت گردی حملے میں شامل ہونے کے ’ثبوت ہونے‘ کا دعوی غیرحقیقی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے آج یہاں کہا کہ یہ ہندستان مخالف پروپگنڈہ کی یہ ایک اور بے کار کوشش ہے۔ ہندستان کے خلاف ’ثبوت ہونے‘ کے نام نہاد دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ فرضی اور غیرحقیقی ہیں۔
بین الاقوامی برادری اس کی چالوں سے واقف ہے اور پاکستان کے دہشت گردی اسپانسر کرنے کے ثبوتوں کو اس کی خود کی قیادت نے قبول کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عالمی دہشت گرد ’اوسامہ بن لادن‘ ملا تھا۔ پاکستان کے وزیراعظم نے اسے پارلیمنٹ میں شہید قرار دیا تھا۔ انہوں نے پاکستان میں چالیس ہزار دہشت گردوں کے ہونے کی بات قبول کی ہے۔ ان کے سائنس اور تکنالوجی کے وزیر نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں اپنے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کے شامل ہونے اور کامیابی کا دعوی کیا۔ اس دہشت گردانہ حملے میں چالیس ہندستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔
ا نہوں نے کہاکہ پاکستان جنگ بندی معاہدہ پر عمل نہیں کررہا ہے۔ وہ ہندستانی سرحد میں دہشت گردوں کی دراندازی کے لئے مسلسل گولہ باری کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان داخلی سیاسی اور اقتصادی ناکامیوں پر سے توجہ ہٹانے کے لئے جان بوجھ کر ایسی کوشش کررہا ہے۔
خیال رہے کہ ایک دن پہلے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ پاکستان میں ہوئے کچھ دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے ہندستان کا ہاتھ ہے۔
(یو این آئی)




