لداخ میں نیا کیس ،تعداد 15 ہوگئی، 11 صحتیاب ہوگئے:ترجمان

لداخ میں نیا کیس ،تعداد 15 ہوگئی، 11 صحتیاب ہوگئے:ترجمان

لیہہ /لداخ یونین ٹریٹری میں ایک ہفتے کے وقفے کے بعد کورونا وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آیا ہے جس کے ساتھ یہاں اب تک سامنے آنے والے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 15 ہوگئی ہے جن میں سے 11 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ لداخ میں کورونا وائرس کا تازہ کیس ضلع لیہہ کے چھوچھٹ علاقے سے سامنے آیا ہے۔ قبل ازیں لداخ میں 2 اپریل کو پندرہ دنوں کے وقفے کے بعد ایک مثبت کیس سامنے آیا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری انتظامیہ کے ترجمان رگزن سیمفل نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا: ‘لداخ کے لیہہ سے کورونا وائرس کا ایک نیا مثبت کیس سامنے آیا ہے’۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا: ‘کورونا سے متاثرہ ایک اور مریض کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ اب تک صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 11 ہوگئی ہے’۔ رگزن سیمفل نے جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کو مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘ہمیں کل 9 نمونوں کی رپورٹیں موصول ہوئیں جن میں سے ایک رپورٹ مثبت آئی ہے۔ یہ رپورٹ، چھوچھٹ یوکما سے تعلق رکھنے والے ایک شخص جو ایران سے آیا تھا، کی ہے۔ ہم نے متاثرہ شخص کو ہسپتال منتقل کیا ہے جبکہ اس کی فیملی کو قرنطینہ میں رکھا ہے’۔ ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہمارے پاس لداخ میں ابھی کورونا وائرس کے چار ایکٹو کیسز ہیں۔ ان میں سے دو لیہہ اور دو کرگل میں زیر علاج ہیں’۔دریں اثنا لداخ کے دونوں اضلاع لیہہ اور کرگل میں جمعرات کو بھی لاک ڈاﺅن جاری رہا۔ ضلع و تحصیل ہیڈکوارٹروں میں سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں اور لوگ اپنے گھروں تک ہی محدود رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.