نئی دہلی، : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے کشمیر کے معاملہ پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کرنے سے متعلق بیان پر اپوزیشن پارٹیوں نے آج راجیہ سبھا میں جم کر ہنگامہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی سے پوزیشن واضح کرنے کی مانگ کی جس سے ایوان کی کارروائی بارہ بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔
چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے قانون سازی کےدستاویزات ایوان میں ركھوانے کے بعد کہا کہ انہیں کانگریس کے آنند شرما اور ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی کے ڈی راجہ کے مسٹر ٹرمپ کے بیان پر قوانین 267 کے تحت نوٹس ملے ہیں لیکن انہوں نے انہیں مسترد کر دیا ہے لیکن ممبران وقفہ صفر میں اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ یہ انتہائی حساس اور ملک کے اتحاد سے منسلک مسئلہ ہے جس پر پورے ملک اور دونوں ایوانوں کی جانب سے صرف ایک ہی پیغام جانا چاہئے۔
مسٹر شرما اور مسٹر راجہ نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے اتحاد اور سالمیت سے منسلک مسئلہ ہے اور خود وزیر اعظم نریندر مودی کو ایوان میں اس پر پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔
جاری،یو این آئی





