بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

لکھ پتی دیدی اقدام کے تحت ادھم پور میں خواتین کو خود کفیل بنانے کی نئی پہل: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

جموں: وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا اور دیہی روزگار کو فروغ دینا مرکزی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ادھم پور میں محکمہ باغبانی کے زیر اہتمام لکھ پتی دیدی اقدام کے تحت 30 روزہ خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے مطابق اس تربیتی پروگرام کے تحت 100 سے زائد خواتین کو اچار، جام، جیلی، جوس اور دیگر مصنوعات تیار کرنے کے ساتھ ساتھ جدید پیکجنگ کی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خواتین کو ہنر مند بنا کر انہیں خود روزگار کی راہ پر گامزن کرنا اور معاشی خود کفالت کو فروغ دینا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ لکھ پتی دیدی جیسے پروگرام دیہی خواتین کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں، جہاں روایتی مہارتوں کو جدید تکنیک سے جوڑ کر آمدنی کے پائیدار ذرائع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تربیت نہ صرف خواتین کی اقتصادی حالت کو مضبوط بنائے گی بلکہ مقامی سطح پر چھوٹی صنعتوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے محکمہ باغبانی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات خواتین کو باوقار روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خود انحصاری کی بنیاد مضبوط کر رہے ہیں، جو وزیر اعظم کے آتم نربھر بھارت کے وژن کا عملی مظہر ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img