سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ویری ناگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے نائب صدر ضلع گل محمد میر عرف اٹل کی ہلاکت کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گل محمد میر کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی بی جے پی کے تئیں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اس قسم کے تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
اس دوران ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گل محمد کی ہلاکت کے سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اس کام میں جٹ گئی ہے کہ ہلاکت کا یہ واقعہ کیسے اور کن حالات میں وقوع پذیر ہوا ۔
واضح رہے کہ 65 سالہ گل محمد میر کو گذشتہ رات مشتبہ جنگجوئوں نے نوگام ویری ناگ میں اپنے گھر میں گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ گل میر بی جے پی کے نائب صدر ضلع اننت ناگ تھے اور اپنے علاقے میں مبینہ طور پر ‘اٹل گل محمد’ کے لقب سے جانے جاتے تھے۔