ایشین میل نیوز ڈیسک
سرینگر /پولیس چیف کا کہنا ہے کہ بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسند حزب المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھے۔ انہوںنے کہاکہ جھڑپ کے دوران سیکورٹی فورسز کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس سربراہ کے مطابق دونوں جنگجو سیکورٹی فورسز کو کئی کیسوں میں مطلوب تھے۔ پولیس چیف دلباغ سنگھ نے بجبہاڑہ میں جمعرات کو ہوئی جھڑپ کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر باگندر بجبہاڑہ گاؤں کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی آپریشن شروع کیاجس دوران فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔ پولیس چیف کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے جھڑپ کی جگہ رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا جس کے بعد جوابی کارروائی شروع کی۔ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کے مطابق چند منٹوں تک سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ دونوں عسکریت پسند حزب المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھے اور اُن کے خلاف متعدد ایف آئی آر بھی درج ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جاں بحق جنگجوں نے سال 2017اور 2018میں عسکریت پسند تنظیموں میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ ا نہوںنے کہاکہ تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔