جموں: حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس نے منگل کے روز یہاں جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے باہر ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی ارکان اسمبلی نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے میڈیا کو بتایا: ‘میں سمجھتا ہوں کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کا وقت آگیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ جو ہم سے خصوصی درجہ چھینا گیا ہے وہ بھی واپس دینے کا وقت آگیا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘کشمیریوں کو باہر کی ریاستی میں ہراساں کرنا اب ایک نیا فیشن بن گیا ہے مجھے لگتا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو اس میں مداخلت کرنی چاہئے تاکہ کشمیریوں پر حملے بند ہوں’۔
ان کا مزید کہنا تھا، ‘ہم جموں الگ اور کشمیر الگ کی باتوں کے خلاف ہیں، جموں وکشمیر ایک ہے اور نیشنل کانفرنس اس کے ساتھ ہے’۔




