کلکتہ22اپریل : ملک کی سالمیت کیلئے این آرسی کو ملک بھر میں نفاذ کو ناگزیر بتاتے ہوئے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے آج کلکتہ میں کہا ہے کہ ہندؤں کو این آر سی کے نام پر خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔پڑوسی ممالک کے اقلیتی طبقہ کو ہندوستانی شہریت دی جائے گی۔
کلکتہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ پہلے دو مرحلے میں بنگال میں جن پانچ سیٹوں پر پولنگ ہوئی ہے ا س میں بی جے پی کو سبقت حاصل ہے۔ریاست کے عوام نے ممتا بنرجی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ممتا بنرجی نے دور اقتدار میں ریاست میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں۔ریاست میں جمہوریت نام کی کوئی چیز باقی نہیں ہے۔بنگال میں اب وقت تبدیلی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں واضح طور پر کہا ہے کہ بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے آنے والے ہندو، بدھشٹ،سکھ،جین اور عیسائی رفیوجیوں کو ہندوستانی شہریت دے گی۔
امیت شاہ نے کہا کہ ووٹنگ کے نام پر ممتا بنرجی نے بنگال میں دشت مچارکھا ہے۔عوام خوف زدہ ہیں، اپنے حق رائے دہی کا استعمال بے خوف ہوکر نہیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے بی جے پی کو بنگال میں ایک موقع دیا تو ہم نے بنگال کی عظمت رفتہ کو بحال کریں گے۔
جاری۔ یو این آئی