چتوڑگڑھ/ وزیراعظم نریندر مودی نے سری لنکا میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کے اس لمحہ میں ہندستان سری لنکا کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور ہر مدد کے لئے تیار ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار سی پی جوشی کی حمایت میں منعقدہ عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ ایسٹر کے تہوار پر دہشت گردوں نے اس وقت خونی کھیل کھیلا جب بے قصور لوگ دعا میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہر دن کہیں نہ کہیں خونی کھیل کھیل رہے ہیں، سری لنکا میں بھی یہ انسانیت سوز واقعہ ہوا ہے۔ مسٹر مودی نے کہاکہ دکھ کے اس لمحہ میں ہندستان سری لنکا کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور ہرمدد کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے رائے دہندگان سے کہاکہ جب وہ کمل کے نشان پر بٹن دبائیں تو دل میں یہ طے کریں کہ وہ دہشت گردی کو ختم کرنے کاکام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کمل کے نشان پر بٹن دبانے سے مجھے طاقت ملے گی۔
مسٹر مودی نے عوام سے سوال کیا کہ دہشت گردوں کو نیست و نابود کرنے والوں میں مودی کے علاوہ کوئی دیگر شخص نظر آتا ہے کیا؟
