کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیرالہ کے وايناڈ لوک سبھا سیٹ سے جمعرات کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران مسٹر گاندھی کی بہن اور پارٹی کی مشرقی اتر پردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود تھیں۔ ان کے علاوہ اس موقع پر پارٹی کے جنرل سکریٹری مکل واسنک ،کے سی وینو گوپال، کیرلہ کانگریس کے صدر ایم رامچندرن، سابق وزیر اعلی اومن چنڈی اور اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر رمیش چینی تھلا بھی موجود تھے۔
مسٹر گاندھی نے صبح 11:50 بجے وايناڈ ضلع افسر اور الیکشن افسر کے دفتر میں پہنچ کر اپنا پرچہ داخل کیا ۔ واضح رہے کہ مسٹر گاندھی اس بار دو پارلیمانی سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں ۔وہ اتر پردیش کے امیٹھی سے بھی پارٹی کے امیدوار ہیں۔
کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد راہل اور پرینکا نے روڈ شو نکالا۔اس روڈ شو کے دوران ایک حادثہ ہو گیا۔ حادثہ میں ایک نامہ نگار ٹرک سے نیچے گر گیا۔ اس دوران کانگریس صدر نامہ نگار کی مدد کرتے ہوئے نظر آئے۔ انہوں نے نامہ نگار کو ایمبولینس میں بیٹھانے میں مدد کی۔ حادثہ میں کئی نامہ نگاروں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
بتا دیں کہ راہل گاندھی اس سے پہلے بھی ایسا کر چکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک زخمی رپورٹر کو اپنی کار میں لفٹ دی تھی۔ اس دوران راہل نے رومال نکال کر رپورٹر کے سرکا پسینہ پوچھا اور پھر انہیں اسپتال پہنچایا۔
غور طلب ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی اس بار اپنی روایتی سیٹ امیٹھی کے علاوہ کیرالہ کے وائناڈ سے بھی الیکشن لڑنے جا رہے ہیں۔