پنچکولہ، : شمال مغربی ہندوستان میں آئندہ چند دنوں کے دوران جنوب مغربی مانسون کے مزید سرگرم ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 20 جولائی سے ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اور پنجاب میں بارش کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری کردہ آل انڈیا ویدر سمری اینڈ فورکاسٹ بلیٹن کے مطابق 17 سے 19 جولائی کے دوران ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اور پنجاب میں مختلف مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد بارش کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور 20 سے 22 جولائی کے دوران ان علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 20 اور 22 جولائی کو ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اور پنجاب کے بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے، جو شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں جنوب مغربی مانسون کے فعال مرحلے کی نشاندہی کرتی ہے۔
پہاڑی ریاستوں میں بارش کی شدت مزید زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر میں 18 جولائی سے شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ اتراکھنڈ میں 17 سے 22 جولائی کے درمیان اچھی خاصی بارش ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے اس عرصے کے دوران ان پہاڑی ریاستوں کے بعض علاقوں میں کہیں کہیں شدید سے انتہائی شدید بارش (انتہائی موسلا دھار بارش) کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
بلیٹن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران جموں و کشمیر اور راجستھان کے بعض علاقوں میں گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی آنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ وسطی اور مشرقی ہندوستان کی متعدد ریاستوں، جن میں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال شامل ہیں، میں بھی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یو این آئی





