جموں، : جموں و کشمیر کے ضلع اُدھم پور کے سبھاش اسٹیڈیم میں جمعہ کو "نشہ مُکت ابھیان” (منشیات سے پاک مہم) کے تحت چھ روزہ سمر ٹیبل ٹینس (ٹی ٹی) تربیتی کیمپ کا آغاز کیا گیا۔
جموں و کشمیر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کی نگرانی اور جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے تعاون سے ضلع اُدھم پور ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن (ڈی یو ٹی ٹی اے) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس تربیتی کیمپ کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنا اور انہیں صحت مند اور منشیات سے پاک طرزِ زندگی اختیار کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
سرکاری معلومات کے مطابق یہ کیمپ 5 سے 18 سال کی عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے منعقد کیا گیا ہے اور 22 جولائی تک جاری رہے گا۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تربیتی کیمپ میں تجربہ کار کوچز کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کریں گے، جس میں کھیل کی بنیادی مہارتوں سے لے کر جدید اسٹروک تکنیک، فٹ ورک، پھرتی، میچ پریکٹس، حکمت عملی پر مبنی کھیل، جسمانی فٹنس اور کھیل کی اخلاقیات (اسپورٹس مین اسپرٹ) تک تمام اہم پہلو شامل ہوں گے۔
جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل نے اس موقع پر مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نچلی سطح پر کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری کوچنگ فراہم کرنے اور "کھیل کو ہاں، نشے کو نہ” کے پیغام کے ساتھ کھیل کو زندگی کا حصہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔





