ایشین میل نیوز ڈیسک
شوپیان : جنوبی کشمیر میں پارلیمانی انتخابات سے قبل پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے اور اس مقصد کےلئے شبانہ چھاپہ مار کارروائیوں میں بھی شدت لائی گئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع شوپیان میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو کئی دیہات میں پولیس وفورسز نے مشترکہ طور پر چھاپے ڈالے اور مزید چار نوجوانوں کو گرفتار کرکے پابند سلاسل بنادیا ۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں فورسز نے تازہ چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لاکر یہ گرفتاریاں کی ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ وہل اور چودھر گنڈ نامی دیہات میں شبانہ چھاپہ مار کارروائیوں کے چار نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔
گرفتار شدگان کی شناخت عنایت اللہ ملک ولد محمد سعید ملک، تنویر احمد وگے ولد غلام حسن وگے اورسجاد احمد خان ولد عبد الحمید خان ساکنان چودھر گنڈ اور مظفر احمد میر ولد غلام حسن میر ساکن وہل کے طور ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ گرفتار شدگان کو پولیس سٹیشن شوپیان میں رکھا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز شوپیان کے اسی علاقے سے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اس سے قبل پولیس نے بانہال علاقے میں وہل کے رہنے والے ایک شہری کو سرینگر۔جموں شاہراہ پر دھماکہ کیس میں گرفتار کیا تھا۔