راجوری، 9 ستمبر: اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے بدھ کے روز گورنمنٹ ٹریزری کالاکوٹ میں تعینات ایک کلرک کو مبینہ طور پر 20 ہزار روپے رشوت طلب کرنے اور وصول کرنے کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ایک اہلکار نے نیوز ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور کو بتایا کہ ملزم کلرک کی شناخت خادم حسین کے طور پر ہوئی ہے، جسے شکایت کنندہ سے 20 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
اہلکار نے بتایا کہ غیر قانونی رقم طلب کیے جانے سے متعلق شکایت موصول ہونے کے بعد اے سی بی نے جال بچھایا اور لین دین کے دوران ملزم کو گرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ (کے این او)





