سری نگر، 9 ستمبر: لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے بدھ کے روز جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔
ایل جی سکسینہ، جنہیں منوج سنہا کی رخصت کے دوران جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے فرائض انجام دینے کے لیے مقرر کیا گیا ہے، نے یہ حلف شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (سکاسٹ) کشمیر کے شالیمار آڈیٹوریم میں دلایا۔
تقریب کا آغاز قومی گیت کی پیشکش سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ بعد ازاں ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل نے صدرِ جمہوریہ ہند کی جانب سے جاری کردہ تقرری کا باضابطہ حکم پڑھ کر سنایا گیا۔
حکم پڑھنے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے چیف جسٹس جسٹس بھاٹی کو عہدے کا حلف دلایا، جس کے بعد دونوں نے حلف نامے کے رجسٹر پر دستخط کیے۔ اس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے جسٹس بھاٹی کو تقرری کے احکامات حوالے کیے۔
تقریب کا اختتام قومی گیت اور قومی ترانے کی پیشکش کے ساتھ ہوا۔
تقریب میں وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، اسپیکر عبدالرحیم راتھر، کابینہ کے وزراء، ہائی کورٹ کے جج صاحبان، چیف سیکریٹری اتل ڈولو، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلن پربھات سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور پولیس کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔





