جموں: جموں کے شیو مارکیٹ علاقے میں پیر کی نصف شب کے قریب آگ لگنے سے تقریباً 12 دکانوں کو نقصان پہنچا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ نصف شب کے قریب آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی متعدد گاڑیوں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے تقریباً 8 سے 10 فائر ٹینڈرز کو کام پر لگایا گیا اور کئی گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
عہدیدار نے کہا، ’’اس واقعے میں تقریباً 12 دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ نقصان سے متاثرہ دکانوں کی صحیح تعداد اور آگ لگنے کی وجوہات کی تصدیق کی جا رہی ہے، جبکہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔‘‘
دریں اثنا، اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
(کے این او)




