ہندوارہ،اونتی پورہ: غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ہندوارہ کے چوگل میں زیرِ تعمیر جی ایم سی کے مقام سے 3 جے سی بی، 7 ڈمپر اور 7 مکسچر گاڑیاں ضبط کر لیں۔ پولیس کے مطابق موقع پر نالے سے نکالا گیا بھاری مقدار میں ملبہ غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا تھا، جسے مبینہ طور پر ریت، بجری اور دیگر تعمیراتی مواد میں تبدیل کرکے فروخت کیا جا رہا تھا۔ ضبط شدہ مواد کی تخمینہ شدہ مالیت تقریباً ایک سے دو کروڑ روپے بتائی گئی ہے، تاہم حتمی قیمت کا تعین متعلقہ محکمہ کرے گا۔
دوسری جانب اونتی پورہ پولیس نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران باتھن سے 5 بھاری ایل اینڈ ٹی مشینیں جبکہ پتل باغ اور گالندر سے 4 ڈمپر ضبط کیے۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کھریو اور پامپور میں تین ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کو سخت قانونی کارروائی کی تنبیہ کرتے ہوئے عوام سے ایسی سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔




