اننت ناگ: منشیات کی اسمگلنگ اور نشے کے استعمال کے خلاف جاری مہم کے تحت اننت ناگ پولیس نے ضلع بھر میں کارروائیاں تیز کرتے ہوئے سات مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ممنوعہ نشہ آور مواد برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس اسٹیشن اننت ناگ کی ایک ٹیم نے نواتھو دانتر کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے سریر احمد بٹ ولد خضر محمد بٹ ساکن چرہامہ میر بازار کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے تقریباً 230 گرام چرس نما پاؤڈر برآمد کیا۔
ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے رجسٹریشن نمبر JK05B-3181 والی ہنڈائی آئی۔ 10 گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ گاڑی محمد الطاف بٹ ولد عبدالمجید بٹ ساکن میر دانتر چلا رہا تھا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 153 گرام چرس نما پاؤڈر برآمد کیا گیا۔ پولیس نے مبینہ طور پر جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا ہے۔
اسی طرح وزیر باغ اور پولیس اسٹیشن اننت ناگ کے عقب میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران بٹو دنتانی ولد راجو دنتانی، ساکن چاپر مہدی کوا، احمد آباد، گجرات، جو فی الحال اچھہ بل اڈہ اننت ناگ میں رہائش پذیر ہے اور اجے کمار ولد کشن کمار، ساکن ویروگام کڑی، گجرات کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے بالترتیب تقریباً 17 گرام اور 22 گرام چرس برآمد ہوئی۔
ادھر مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس پوسٹ سنگم کی ٹیم نے بلیار مرہامہ میں عبدالوہاب بٹ کے مکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ان کے بیٹے بلال احمد بٹ کے مکان سے تقریباً 7.170 کلوگرام گانجا نما نشہ آور مواد برآمد کیا گیا۔
اسی دوران پولیس پوسٹ شیر باغ کی ناکہ پارٹی نے ہائی گراؤنڈ کے مقام پر دانش منظور شیخ ولد منظور احمد شیخ ساکن جنگلات منڈی اننت ناگ کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے تقریباً 205 گرام چرس نما مواد برآمد کیا۔
مزید برآں، پولیس اسٹیشن مٹن کی ناکہ پارٹی نے جاوید مختیار پشو ولد مختیار احمد پشو ساکن گوپال پورہ مٹن کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تقریباً 52.6 گرام چرس نما مواد برآمد کیا۔
ایک الگ کارروائی میں پولیس پوسٹ ڈی کے پورہ کی ٹیم نے بشیر احمد بٹ ولد محمد عبداللہ بٹ ساکن برنٹی کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے تقریباً 15 گرام چرس برآمد ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ ان تمام معاملات میں متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اننت ناگ پولیس نے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ اور خرید و فروخت سے متعلق مستند معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ پولیس کے مطابق منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے عوامی تعاون انتہائی اہم ہے۔





