جمعرات, ستمبر 3, 2026
27.8 C
Srinagar

سوپور میں جماعتِ اسلامی سے منسلک جائیدادیں ضبط

سوپور، 3 ستمبر: شمالی کشمیر کے سوپور میں پولیس نے جمعرات کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یواے پی اے) کے تحت قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ڈورو گاؤں میں دو دو منزلہ عمارتیں، چھ دکانیں اور دو کنال اراضی کو ضبط کر لیا۔

حکام کے مطابق ان جائیدادوں میں ڈورو کا اسلامیہ ماڈل اسکول بھی شامل ہے۔ ان جائیدادوں کی نشاندہی پولیس تھانہ سوپور میں درج ایف آئی آر نمبر 42/2025 کی تحقیقات کے دوران ہوئی، جو یو اے پی اے کی دفعات 10 اور 13 کے تحت درج کی گئی تھی۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ اسکول 2022 سے بند ہے۔ تحقیقات کے دوران سرکاری اور محکمہ مال کے ریکارڈ کی جانچ اور متعلقہ حکام سے تصدیق کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ جائیدادوں کا مبینہ طور پر ممنوعہ تنظیم جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر سے تعلق ہے۔

عہدیدار نے کہا، "سوپور پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ڈوزیئر کی بنیاد پر ڈویژنل کمشنر کشمیر نے 12 اگست 2026 کو جاری کردہ حکم کے ذریعے یو اے پی اے کی دفعہ 8(1) کے تحت ان جائیدادوں کو نوٹیفائی کیا۔”

بعد ازاں سوپور پولیس کی درخواست پر ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ نے قانون کی دفعات 8(3) اور 8(4) کے تحت احکامات جاری کیے۔ اس کے بعد پولیس نے ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے ہمراہ مقررہ قانونی طریقۂ کار کے مطابق موقع پر پہنچ کر مذکورہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کی کارروائی انجام دی۔

پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی ممنوعہ تنظیموں اور ان سے وابستہ نیٹ ورکس سے مبینہ طور پر منسلک جائیدادوں اور اثاثوں کی مسلسل تحقیقات کے بعد عمل میں لائی گئی۔

دریں اثنا، سوپور پولیس نے کہا کہ وہ ممنوعہ تنظیموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کہ ایسے گروہوں سے مبینہ طور پر منسلک جائیدادوں کو قانون کے تحت ممنوعہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img