جموں: جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک گاؤں میں پیر کے روز ایک زنگ آلود مارٹر شیل برآمد ہوا.سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ مارٹر شیل منکوٹ سیکٹر کے بالائی غنی گاؤں کے ایک کھلے کھیت میں مقامی لوگوں کو صبح تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر نظر آیا۔
مقامی لوگوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد ایک پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق بعد ازاں فوج کے بم ڈسپوزل ماہرین موقع پر پہنچے اور تمام حفاظتی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مارٹر شیل کو کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے ناکارہ بنا دیا۔
حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی مشکوک چیز یا پرانے اسلحے سے متعلق کوئی بھی نشان نظر آئے تو اسے ہاتھ نہ لگائیں اور فوراً پولیس یا قریبی کیمپ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔





