بدھ, دسمبر ۳۱, ۲۰۲۵
9.3 C
Srinagar

نوکری فراڈ معاملے میں ملزم کے خلاف چارج شیٹ دائر: سی بی کے

سری نگر:کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے نوکری فراڈ کے ایک معاملے میں کرگل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔

ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ نے تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 420 میں ایف آئی آر نمبر 13/2023 کے تحت ملزم غلام نبی ہدا ولد محمد ہدا ساکن ستکچے کرگل حال گاسیار حول سری نگر کے خلاف معزز جوڈیشل مجسٹریٹ بڈگام کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ ایک شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ سال 2021 کے دوران شکایت کنندہ کی ملزم سے ملاقات ہوئی جس نے خود کو ایک اعلیٰ سرکاری افسر ظاہر کیا۔ان کا کہنا ہے: ‘ملزم نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ اور دیگر افراد کو رقم کے عوض سرکاری نوکریوں دلوانے کا جھانسہ دیا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ان جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے ملزم کے بینک کھاتے میں نو مختلف قسطوں کے ذریعے لاکھوں روپیے جمع کرائے تاہم بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود نہ تو ملزم نے وعدے کے مطابق سرکاری نوکری فراہم کی اور نہ ہی وصول کی گئی رقم واپس کی جس کے نتیجے میں شکایت کنندہ کے ساتھ دھوکہ دہی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر کرائم برانچ کشمیر (موجودہ ای او ڈبلیو کشمیر) نے معاملے کی تفصیلی تفتیش کی اور دوران تفتیش شکایت کنندہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات بادی النظر میں درست پائے گئے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تفتیش سے یہ بات ثابت ہوئی کہ ملزم نے دانستہ طور پر بدنیتی سے شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا جس سے اس کو مالی نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کی طرف سے کی جانے والے حرکات واضح طور پر تعزیرات ہند کی دفعہ 420 کے تحت قابل سزا جرم کی نشاندہی کرتے ہیں لہذا تفتیش مکمل ہونے کے بعد معزز عدالت میں عدالتی کارروائی کے لئے چارج شیٹ داخل کی گئی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img