سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے تین دنوں کے دوران برف و باراں کا امکان ہے جس کا سلسلہ 30 دسمبر کی شام سے شروع ہو کر 2 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 30 دسمبر کو موسم مجموعی طور ابر آلود رہنے کے ساتھ شام کو کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 31 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کئی جگہوں پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے جس کا سلسلہ 31 دسمبر کی شام سے شروع ہوکر یکم جنوری کی صبح یا دوپہر تک جاری رہ سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس دوران شمالی اور وسطی کشمیر کے کچھ پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری متوقع ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 2 جنوری کو موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بھی کہیں کہیں ہلکی برف باری یا ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 3 سے 5 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ 6 جنوری کو شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ایک بار پھر ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 7 جنوری سے 13 جنوری تک موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا کہ وہ 30 دسمبر کی شام سے یکم جنوری کے دوران ٹریفک اور انتظامیہ کی طرف سے جارے مشوروں پر سختی سے عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ جموں صوبے کے کچھ علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران درمیانی درجے یا گہری دھند چھائی رہ سکتی ہے۔





