سری نگر: غیر قانونی کان کنی کے خلاف ہمہ گیر مہم کو جاری رکھتے ہوئے پلوامہ پولیس نے غیر قانونی طور مٹی نکالنے میں ملوث ایک جے سی بی اور دو ٹریکٹر ضبط کر دئے اور اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پلوامہ پولیس کی ایک ٹیم نے معمول کی گشت کے دوران نو نگری گائوں میں غیر قانونی طور پر مٹی نکلانے اور اس کی نقل و حمل کا پتہ لگایا۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران ایک جے سی بی زیر رجسٹریشن نمبر JK13J -8922 جس کو شفیق حسین ولد مبارک شاہ ساکن ریاشی چلا رہا تھا، غیر قانونی طور پر نکالی گئی مٹی کو ٹریکٹروں میں لوڈ کرتے ہوئے پایا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں کو روک دیا اور اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث دو ٹریکٹروں کو بھی تحویل میں لے لیا۔
ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن لٹر میں متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 115/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ پولیس قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک بار پھر خبر دار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں سے باز رہیں۔





