جمعہ, فروری ۱۳, ۲۰۲۶
14 C
Srinagar

اچھن ڈمپنگ سائٹ سے صحت و ماحول کو سنگین خطرات،فوری بندش ممکن نہیں:حکومت

جموں:سری نگر شہر کے اچھن ڈمپنگ سائٹ کے بارے میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور مقامی آبادی کی جانب سے مستقل شکایات کے پس منظر میں حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ یہ علاقہ کئی دہائیوں سے جمع شدہ کچرے کی وجہ سے صحت اور ماحولیات دونوں کے لیے تشویش کا باعث بن چکا ہے۔سرکاری طور پر تسلیم کیا گیا ہے کہ ماضی میں بننے والا ’لیگیسی ویسٹ‘ بدبو، آلودہ پانی، اور فضائی آلودگی جیسے مسائل پیدا کر رہا ہے، جس سے مقامی آبادی سخت مشکلات کا شکار ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ اچھن سائٹ 1976 میں سری نگر میونسپل کارپوریشن کے باقاعدہ نوٹیفائیڈ لینڈ فِل کے طور پر قائم کی گئی تھی اور اس کو فوری بند کرنا تکنیکی اور قانونی اعتبار سے ممکن نہیں، کیونکہ شہر کے لیے کہیں بھی ایسا کوئی متبادل مقام فوری طور پر دستیاب نہیں ہے جہاں نئے ٹھوس کچرے کو منتقل کیا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ شکایات اور عوامی مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اچھن لینڈ فِل کو جدید طریقوں کے تحت مرحلہ وار بند کرنے اور اس کی سائنسی بحالی کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایم سی نے لیگیسی ویسٹ کی بایو مائننگ اور بایو ریمیڈیشن کا عمل شروع کر رکھا ہے، جس کے ذریعے تقریباً 11 لاکھ میٹرک ٹن پرانے کچرے کو سائنسی بنیادوں پر صاف کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لیچیٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فعال نگرانی، بدبو کم کرنے کے اقدامات، ماحولیات کی مسلسل مانیٹرنگ اور گرین بفر زون کی تیاری جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جا رہے ہیں۔

اسمبلی کومزید بتایا گیا کہ شہر میں کسی نئے لینڈ فِل کے قیام کے لیے فی الحال مناسب سرکاری زمین دستیاب نہیں ہے۔ اسی بنا پر ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے تمام تحصیلداروں کو نئے مقام کی تلاش کے لیے ہدایات دی ہیں تاکہ مستقبل میں متبادل جگہ کی نشاندہی ممکن ہو سکے۔حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹھوس کچرے کے جدید نظم و نسق کے لیے سوچھ بھارت مشن اربن 2.0کے تحت انٹیگریٹڈ ویسٹ پروسیسنگ انفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد لینڈ فِل پر انحصار کم کرکے شہر کو سائنسی انداز میں صاف اور صحت بخش ماحول فراہم کرنا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img