سری نگر: کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک پرائیویٹ کمپنی کے ڈائریکٹر کے خلاف نوکری فراڈ کے کیس میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ونگ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کرائم برانچ نے تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعات 420 اور 120 – بی کے تحت درج ایف آئی آر زیر نمبر 4/2022 میں معزز عدالت سب جج سمبل میں ایک چارج شیٹ داخل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چارج شیٹ رنجیت پر ساد ولد سام دیو پرساد ساکن مقصود پور ، پولیس اسٹیشن اونچکا گائوں، سسموسا، ضلع گوپال گنج بہار کے خلاف دائر کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ ایک شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ٹرو ڈریمز پروجیکٹ انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ (ٹی ڈی پی آئی) نے اپنے ڈائریکٹر رنجیت پرساد کے ذریعے کشمیر میں ایک بھرتی مہم چلائی جس کے دوران کمپنی کے نمائندوں کے ذریعے تقریباً 13،00 تربیت افراد کو شامل کیا گیا۔
یان میں کہا گیا: ‘الزام کے مطابق ان افراد کو ماہانہ 5 ہزار سے 12 ہزار روپیے تنخواہ دینے کا وعدہ کیا گیا تاہم اس کے برعکس ہر امید وار سے 24،00 روپیے بطور رجسٹریشن فیس وصول کی گئی تاہم مذکورہ رقم وصول کرنے کے باوجود کسی بھی تربیت یافتہ فرد کو تنخواہ ادا نہیں کی گئی’۔
انہوں نے کہا: ‘تفتیش کے دوران بادی النظر میں یہ بات ثابت ہوئی کہ متعدد معصوم طلبہ کو مبینہ طور پر تعلیمی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دیا گیا اور ان سے فراڈ کیا گیا’۔
ان کا کہنا ہے کہ زبانی اور دستاویزی شواہد پر مبنی تفتیش مکمل کی گئی ہے اور ملزم رنجیت پرساد (ڈائریکٹر ٹی ڈی پی آئی) کے خلاف الزامات ثابت پائے گئے ہیں۔موصوف ترجمان نے کہا کہ چونکہ ملزم نے تفتیشی ایجنسی کے ساتھ تعاون نہیں کیا اور دئے گئے پتہ پر دستیاب نہیں ہوسکا اس لئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ512 کے تحت کارروائی شروع کرتے ہوئے غیر حاضری میں چارج شیٹ عدالت میں جمع کر دی گئی۔





