جمعہ, دسمبر ۱۹, ۲۰۲۵
15.5 C
Srinagar

جعلی ریلوے نوکری گھوٹالے میں 3 ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل: سی بی کے

سری نگر: کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے جعلی ریلوے نوکری گھوٹالے میں تین ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔

ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ نے ایف آئی آر نمبر8/2025 کے تحت جعلی ریلوے بھرتی گھوٹالے میں ملوث تین ملزموں کے خلاف جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس بیروہ بڈگام کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چارج شیٹ تعزیرات ہند کی دفعات420، 468،471 اور120 – بی کے تحت داخل کی گئی ہے۔
بیان میں ملزموں کی شناخت عبدالحمید شیخ ولد غلام محی الدین شیخ ساکن چیوڈارہ بیروہ، عادل شاہ ولد عبدالرشید شاہ ساکن سونہ وار سری نگر حال زیون اور مفتی غلام حسن کمار ولد عاشورا کمار ساکن حب ڈانگر پورہ سوپور حال رٹسونہ بیروہ بڈگام کے طور پر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ مفتی غلام حسن کمار کی تحریری شکایت پر درج کیا گیا ہے جس میں شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ عبد الحمید شیخ اور عادل شاہ نے اسے ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ نئی دہلی کی جانب سے جاری کردہ جعلی تقرری نامے فراہم کئے اور ان جعلی تقرری خطوط پر شمالی ریلوے پہاڑ گنج نئی دہلی کے ڈی جی ایم کے من گھڑت دستخط اور جعلی مہریں ثبت تھیں۔

ترجمان نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد کرائم برانچ کی جانب سے تفصیلی تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور دوران تحقیقات یہ بات بادی النظر میں ثابت ہوئی کہ ملزموں نے آپس میں ساز باز کرکے سرکاری نوکریاں دلانے کے جھانسے میں معصوم لوگوں کو پھنسا کر ان سے بھاری رقوم وصول کیں اور تقرری خطوط کی تصدیق سے یہ ثابت ہوا کہ وہ جعلی اور من گھڑت تھے۔

مزید تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ شکایت کنندہ مفتی غلام حسن کمار خود بھی اس جرم میں ملوث تھا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس نے دیگر متاثرین سے بھی نوکری دلانے کے جھوٹے وعدے پر رقم وصول کی اور انہیں جعلی تقرری حکامات جاری کئے اور اس کا کردار تفتیش کے دوران بے نقاب ہوا جس سے یہ ثابت ہوا کہ وہ دیگر ملزموں کے ساتھ مل کر اس فراڈ اور سازش میں سرگرم طور پر شامل تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران جمع کئے گئے شواہد، حقائق اور حالات کی بنیاد پر دفعہ173 ضابطہ فوجداری کے تحت حتمی رپورٹ معزز عدالت میں عدالتی کارروائی کے لئے پیش کر دی گئی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img