بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
6.9 C
Srinagar

جیٹ بلیو کی پرواز اور امریکی فوجی طیارہ تباہ ہونے سے بال بال بچ گیا

کراکس، : جیٹ بلیو کی پرواز اور امریکی فوجی طیارے میں تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا، مسافر طیارے کے پائلٹ کی حاضر دماغی سے کئی لوگوں کی جان بچ گئی۔
امریکی ایئرلائن جیٹ بلیو کی نیویارک جانے والی ایک مسافر پرواز جمعے کے روز وینزوئیلا کے قریب فضاء میں امریکی فضائیہ کے طیارے سے ممکنہ تصادم سے بال بال بچ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک امریکی فضائیہ کا جنگی طیارہ بغیر ٹرانسپونڈر کے اسی بلندی پر پرواز کر رہا تھا کہ اچانک سامنے آنے پرجیٹ بلیو پائلٹ کو اپنی پرواز کا رخ ہنگامی طور پر بدلنا پڑا بصورت دیگر دونوں طیاروں کے پرخچے ہوا میں ہی اڑ جاتے۔
جیٹ بلیو کی پرواز نمبر 1112 کیریبین ملک کیورا ساؤ سے روانہ ہوئی تھی اور وینزوئیلا کے ساحل سے تقریباً 40 میل دور پرواز کر رہی تھی کہ اچانک ایک امریکی فضائیہ کا طیارہ اس کے راستے میں آ گیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ کے مطابق دونوں طیارے چند میل کے فاصلے پر ایک ہی بلندی پر موجود تھے، جس پر جیٹ بلیو کے پائلٹ نے فوری طور پر احتیاطی اقدام کرتے ہوئے راستہ تبدیل کیا۔
ریکارڈنگ میں پائلٹ نے کہا کہ امریکی فضائیہ کے طیارے کا ٹرانسپونڈر بند تھا اور وہ براہِ راست مسافر طیارے کے راستے سے گزرا، بعد ازاں جنگی طیارہ وینزوئیلا کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا۔
جیٹ بلیو کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے اور عملے نے بروقت تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے۔ واقعے سے متعلق وفاقی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور کسی بھی تحقیقات میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکہ نے جنوبی کیریبین کے خطے میں فوجی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں اور وینزویلا کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اس سے قبل فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ایئرلائنز کو وینزویلا کی فضائی حدود میں پروازوں کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img