منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
9.1 C
Srinagar

ادھم پور تصادم: پولیس سربراہ نے شہید جوان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا

جموں: جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع کے مجالتا علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ پیش آئے تصادم کے دوران شہید ہونے والے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کے بہادر اہلکار امجد پٹھان کو منگل کے روز پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایک تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی، جس میں جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات، انسپکٹر جنرل پولیس جموں بھیم سین توتی، ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران اور پولیس و سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پولیس اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے شہید کے جسدِ خاکی پر گلہائے عقیدت نذر کیے اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے ان کی عظیم قربانی کو یاد کیا۔ پولیس سربراہ نالین پربھات نے شہید امجد پٹھان کی بہادری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے سکیورٹی فورسز کی روشن روایات کو مزید مضبوط کیا ہے۔

فوج اور پولیس کے سینئر آفیسران نے اس موقع پر کہا کہ شہید امجد پٹھان نے انتہائی دشوار حالات میں دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا اور اپنی جان قربان کرکے ریاست کی سلامتی کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز شہید کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گی اور دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شہید کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔ حکام نے بتایا کہ شہید کے لواحقین کو سرکاری قواعد کے مطابق تمام اعزازات اور امداد فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ امجد پٹھان ادھم پور کے مجالتا علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری ایک انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img