نئی دہلی: دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گھنے کہرے کے باعث پیر کی صبح 40 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں جبکہ چار پروازوں کا رخ موڑ بدل دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
ہوائی اڈے کے ذرائع کے مطابق رن وے پر حدِ بصارت انتہائی کم ہونے کے سبب پروازوں میں تاخیر پیش آ رہی ہے۔ اب تک 40 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں اور چار کو ڈائیورٹ کردیا گیا ہے، جبکہ 100 سے زائد پروازوں میں تاخیر کی اطلاع ہے۔
دہلی ایئرپورٹ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا ہے کہ اس وقت صرف کیٹ-3 سے لیس طیارے ہی پرواز کرپارہے ہیں۔
طیارہ کمپنیوں نے بھی اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کی صورت حال کے بارے میں معلومات حاصل کر لیں۔
اسپائس جیٹ کی دبئی سے آنے والی ایک پرواز اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی ممبئی سے آنے والی ایک پرواز کو جے پور ڈائیورٹ کیا گیا ہے۔
اسپائس جیٹ نے وارانسی اور ایودھیا میں بھی خراب موسم کے باعث پروازوں کے متاثر ہونے کی اطلاع دی ہے۔




