پیر, فروری ۹, ۲۰۲۶
7.4 C
Srinagar

ہندوستان کا سیشلز کو 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا خصوصی اقتصادی پیکیج دینے کا اعلان

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ترقیاتی شراکت داری ہندوستان اور سیشلز کے تعلقات کی مضبوط بنیاد رہی ہے اور اسے مزید آگے بڑھاتے ہوئے ہندوستان نے سیشلز کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے خصوصی اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا ہے وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کے دورے پر آئے سیشلز کے صدر ڈاکٹر پیٹرک ہرمنی کے ساتھ مذاکرات کے بعد پیر کے روز مشترکہ بیان میں اس اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’’ترقیاتی شراکت داری ہندوستان اور سیشلز کے تعلقات کی مضبوط بنیاد رہی ہے۔ ہماری تمام کوششیں سیشلز کی ترجیحات اور ضروریات پر مبنی رہی ہیں۔ اس سمت میں آگے بڑھتے ہوئے آج ہم 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے خصوصی اقتصادی پیکیج کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیکیج ہاؤسنگ، ای-موبیلِٹی، پیشہ ورانہ تربیت، صحت، دفاع اور بحری سلامتی جیسے شعبوں میں ٹھوس منصوبوں میں تعاون کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور سیشلز کے تعلقات صرف سفارتی رابطوں تک محدود نہیں ہیں۔ بحر ہند کی لہریں صدیوں سے ہمیں جوڑتی آئی ہیں۔ ان ساحلوں پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھی، ثقافتوں کا میل ملاپ ہوا اور اعتماد کو تقویت حآصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سیشلز نہ صرف جغرافیہ سے بلکہ تاریخ، عقیدے اور مستقبل کے لیے ایک مشترکہ وژن سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی تعلقات کو ہند-سیشلز تعلقات کی سب سے بڑی طاقت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’سیشلز میں آباد ہندوستانی برادری نے سیشلز کی سماجی اور اقتصادی زندگی میں نمایاں تعاون کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ہماری دوستی کو نسل در نسل مضبوط بھی کیا ہے۔‘‘

Popular Categories

spot_imgspot_img