پیر, دسمبر ۸, ۲۰۲۵
12.6 C
Srinagar

کشمیر میں 14 اور 15 دسمبر کو ہلکے برف وباراں کا امکان،بالائی علاقوں میں تازہ برف باری، سرینگر۔ لیہہ شاہراہ عارضی طور پر بند

سری نگر،: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں جاری خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ 14 اور 15 دسمبر کو پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بوندا باندی سے ختم ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں آنے والے دنوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں ایک کمزور مغربی ہوا کے داخل ہونے کے نتیجے میں 14 اور 15 دسمبر کو شمالی، وسطی اور جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے جبکہ اس دوران میدانی علاقوں اور نشیبی علاقوں میں بھی کہیں کہیں بوندا باندی متوقع ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد 18 دسمبر کی شام تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمے کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کے آس پاس ایک اور کمزور مغربی ہوا جموں وکشمیر میں داخل ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے کچھ دنوں کے دوران وادی میں ٹھنڈ بر قرار رہ سکتی ہے تاہم 14 دسمبر کے بعد درجہ حرارت میں قدرے بہتری کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران ہوا کی آلودگی میں بھی کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

محمکے کے ایک ترجمان نے نے مزید کہا کہ جموں صوبے میں موسم کی یہی صورتحال متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں صوبے میں بھی 18 دسمبر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں تازہ برف باری، سرینگر–لیہہ شاہراہ عارضی طور پر بند

محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادیٔ کشمیر کے بالائی علاقوں میں اتوار کی شب تازہ برف باری ہوئی، جس کے باعث درجۂ حرارت میں مزید کمی آئی اور سرینگر–لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔

حکام کے مطابق سونمرگ سمیت زوجیلا، بالتل اور تھاجواس کے علاقوں میں ہلکی اور تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ ضلع کرگل میں دراس، مینمرگ اور گمری سمیت کئی مقامات پر بھی برف کے ہلکے گالے پڑے، جس سے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

تازہ برف جمع ہونے کے بعد احتیاطی طور پر سرینگر–لیہہ شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت عارضی طور پر روک دی گئی۔ ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ زوجیلا پاس پر برف باری کے باعث سڑک پھسلن کا شکار ہوگئی، جس کے پیش نظر حادثات سے بچنے کے لیے ٹریفک بند کرنا ناگزیر تھا۔

افسر کے مطابق بارڈر روڈز آرگنائزیشن نے زوجیلا کے مقامات پر برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، تاہم شاہراہ کی بحالی موسم پر منحصر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ برف باری اور کم درجۂ حرارت کے باعث صبح کے اوقات میں سونمرگ روڈ پر شدید پھسلن پیدا ہوگئی تھی، جس سے ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انتظامیہ نے برف سے ڈھکے علاقوں میں سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ گاڑیوں میں اسنَو چینز کا استعمال کریں تاکہ پھسلن والی سڑکوں پر بہتر گرفت برقرار رکھی جا سکے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

ادھر حکام کا کہنا ہے کہ صبح 10 بجے کے بعد موسم میں بہتری آنے سے سونمرگ کا موسم نسبتاً خوشگوار ہوگیا۔ سرینگر–لیہہ شاہراہ کو دوبارہ کھولنے سے متعلق فیصلہ سڑک کی حالت اور برف ہٹانے کے کام کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img