جمعرات, دسمبر ۴, ۲۰۲۵
11 C
Srinagar

پوتن ہندستان کے دو روزہ دورے پر آج شام دہلی پہنچیں گے

نئی دہلی: روس کے صدر ولادیمیر پوتن دورہ ہندوستان پر جمعرات کی شام یہاں پہنچیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر دو روزہ دورے پر آرہے مسٹر پوتن کا پالم ہوائی اڈے پر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ روسی صدر کا دورہ ہندستان چار سال کے وقفے کے بعد ہو رہا ہے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ مسٹر پوتن کے پروگراموں میں سب سے اہم واقعہ جمعہ کو 23ویں ہند-روس سالانہ چوٹی کانفرنس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ بات چیت ہے۔

ذرائع کے مطابق یہاں پہنچنے کے بعد مسٹر پوتن شام کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر مسٹر مودی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم نے ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا ہے۔ اس دوران توقع ہے کہ دونوں رہنما سربراہ اجلاس سے قبل علاقائی، دوطرفہ اور عالمی اہمیت کے مختلف امور پر کھل کر بات چیت کریں گے۔

جمعہ کو مسٹر پوتن کی سرکاری مصروفیات کا آغاز راشٹرپتی بھون کے صحن میں روایتی اور شاندار استقبال کے ساتھ ہوگا۔
روسی صدر براہ راست راشٹرپتی بھون سے راج گھاٹ جائیں گے اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

مسٹر پوتن اس کے بعد حیدرآباد ہاؤس روانہ ہوں گے جہاں وہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ 23 ویں ہندستان روس چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ بات چیت کے بعد مسٹر پوتن اور مسٹر مودی ایک مشترکہ پریس بیان بھی دیں گے۔

چوٹی کانفرنس کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان دفاع، سلامتی اور تجارت جیسے شعبوں پر خاص طور پر بات چیت ہوگی۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ عالمی اہمیت کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ توقع ہے کہ بات چیت کے دوران ہندوستان کی طرف سے ایس-400 فضائی دفاعی نظام کی خریداری پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس کے علاوہ روس کی جانب سے پانچویں نسل کے لڑاکا طیارے سخوئی 57 کے سودے پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔

دونوں ممالک روس سے تیل کی خریداری کے معاملے پر بھی بات کریں گے۔ ہندستان روس کے ساتھ تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے موثر اقدامات پر بھی بات کرے گا۔

بعد ازاں مسٹر پوتن ایک کاروباری تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ اس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے اقدامات پر توجہ دی جائے گی۔

شام کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے مسٹر پوتن کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا ہے۔ عشائیہ کے بعد مسٹر پوتن جمعہ کی رات اپنے وطن روانہ ہوجائیں گے۔

امریکہ کی طرف سے ہندوستان پر 50 فیصد امپورٹ ڈیوٹی لگانے کے اعلان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور پیش رفت کے تناظر میں مسٹر پوتن کے اس دورے کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img