جمعہ, نومبر ۲۸, ۲۰۲۵
11.5 C
Srinagar

کرائم برانچ کشمیر نے زمین ہڑپنے کے معاملے میں چارج شیٹ داخل کردی

سری نگر ،:کرائم برانچ کشمیر نے ایک انتہائی حساس زمین دھوکہ دہی معاملے میں چارج شیٹ خصوصی انسدادِ بدعنوانی عدالت اننت ناگ میں پیش کرتے ہوئے دو ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ ملزمان کی شناخت مشتاق احمد بٹ ولد علی محمد بٹ ساکن باباپورہ قاضی گنڈ، تحصیل دیوسر کولگام، اور محمد یوسف ڈار ولد غلام احمد ڈار ساکن کھنڈی پہاڑی ہرناگ، اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ اُس وقت کے پٹواری حلقہ کھنڈی پہاڑی اننت ناگ، مشتاق احمد بٹ، نے شکایت کندہ کے بھائیوں کے ساتھ ملی بھگت کرکے کھیوٹ نمبر 05 اور 07 کے تحت آنے والی متنازع اراضی کو غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کی سازش رچی۔ یہ وہ زمین تھی جس پر عدالت عالیہ کی جانب سے اسٹیٹس کا حکم جاری تھا اور یہ حکم ریونیو ریکارڈ میں صاف درج تھا۔
کرائم برانچ کی تحقیقات کے مطابق پٹواری نے جان بوجھ کر اہم حقائق چھپائے، متنازع زمین کے ایک حصے کی غیر قانونی فروخت کو ممکن بنایا اور جعلی فردِ اراضی تیار کی۔
مزید یہ بھی انکشاف ہوا کہ دوسرا ملزم محمد یوسف ڈار اپنی ہی والدہ کے نام سے جعلی حبہ نامہ تیار کرکے لایا، جسے بعد میں گواہوں نے مکمل طور پر جعلی قرار دیا اور کسی بھی قسم کی دستخط یا شناخت سے انکار کیا۔
شکایت کنندہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ پٹواری نے ریونیو ایکسٹریکٹس فراہم کرنے کے عوض رشوت کا مطالبہ کیا اور بارہا اعلیٰ حکام سے شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
تحقیقات میں الزامات پہلی نظر میں ثابت ہونے کے بعد کرائم برانچ نے ایف آئی آر زیر نمبر 45/2015 درج کیا، جس میں دفعات 420، 468، 471، 120-B آر پی سی اور شامل کی گئیں۔ کئی برس کی تفصیلی اور شواہد پر مبنی تفتیش کے بعد اقتصادی شعبے نے اب اس کیس کو عدالتی فیصلہ کے لیے چارج شیٹ کی صورت میں پیش کر دیا ہے۔
عدالت میں پیشی کے دوران مشتاق احمد بٹ اور محمد یوسف ڈار کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے، جہاں وہ مزید سماعت تک زیرِ حراست رہیں گے۔
کرائم برانچ کشمیر نے کہا ہے کہ وہ ہر طرح کی مالی بدعنوانی، دھوکہ دہی اور جعلسازی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ محکمے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے معاملات میں ہوشیار رہیں اور کسی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بڑے فراڈ اور بے ضابطگیوں کو روکنے میں مدد مل سکے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img