جمعہ, نومبر ۲۸, ۲۰۲۵
5.6 C
Srinagar

ڈوڈہ میں سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد اپ لوڈ کرنے والا شخص گرفتار

جموں ،:جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں پولیس نے جمعہ کے روز ایک شخص کو اس الزام میں گرفتار کر لیا کہ اُس نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والا اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض مواد اپ لوڈ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی حسن بابور نہرو نامی شہری کی جانب سے ڈوڈہ پولیس اسٹیشن میں دائر کی گئی ایک تحریری شکایت کے بعد انجام دی گئی۔
شکایت کنندہ نے اپنی درخواست میں الزام لگایا کہ امریک سنگھ ولد رنبیر سنگھ ساکن بیولی نہ صرف ایک عادی مجرم ہے بلکہ وہ اکثر فیس بک پر لائیو آ کر اشتعال انگیز اور نفرت پھیلانے والی تقاریر کرتا تھا۔ الزام کے مطابق 26 نومبر کو بھی اس نے “پنچمکھی پہاڑی راجپوت” نامی فیس بک پیج پر ایک ایسی ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک مخصوص برادری کے خلاف توہین آمیز اور فرقہ وارانہ ریمارکس شامل تھے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ مواد سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر ہوا، جس سے مذہبی جذبات مجروح ہونے اور عوامی امن و امان خراب ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔ حکام کے مطابق امریک سنگھ کو اس سے قبل مارچ 2023 میں بھی ایسے ہی الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے بعد میں بھدرواہ سب جیل میں احتیاطی حراست میں رکھا گیا تھا۔
معاملے کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے ڈوڈہ تھانے میں ایف آئی آر نمبر 269/2025 زیرِ دفعہ 196 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ کریں اور نفرت، غلط معلومات یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے والے کسی بھی مواد سے گریز کریں۔ پولیس نے سخت انتباہ دیا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بلا امتیاز جاری رہے گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img