جمعرات, نومبر ۲۷, ۲۰۲۵
13.8 C
Srinagar

خلائی شعبہ میں اصلاحات نے ہندوستان کو عالمی سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا:مودی

حیدرآباد :حیدرآباد کی معروف نجی خلائی ٹکنالوجی کمپنی اسکائی روٹ ایرو اسپیس کے انفنٹی کیمپس کا وزیراعظم نریندر مودی نے ورچوئل طریقہ سے افتتاح کیا۔ شمس آباد کے قریب قائم یہ جدید راکٹ فیکٹری ہندوستان کی سب سے بڑی نجی راکٹ فیکٹری قرار دی جا رہی ہے۔ اسی موقع پر یہاں تیارکردہ ملک کے پہلے نجی کمرشیل راکٹ ’وکرَم-1‘ کا بھی وزیراعظم نے رسمی طور پر اجراء کیا۔
افتتاحی خطاب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ خلائی شعبہ میں لائی گئی اصلاحات نے ہندوستان کو عالمی سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں اور ٹکنالوجی کے میدان میں نجی شعبے کو بھرپور موقع ملا ہے، جس کا نتیجہ اب نمایاں طور پر سامنے آ رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں عالمی خلائی معیشت کئی گنا بڑھے گی، جس سے نوجوانوں کیلئے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ پانچ برسوں میں ہندوستان کی راکٹ لانچ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور پانچ نئی ”یونی کان“ کمپنیاں وجود میں آئیں گی۔
مودی نے کہا کہ گزشتہ 6 تا 7 برسوں میں ملک کا خلائی شعبہ ایک کھلی، تعاون پر مبنی اور اختراعی معیشت میں تبدیل ہوا ہے۔ آج خلائی ٹکنالوجی میں سرگرم 300 سے زائد اسٹارٹ اپس ملک کے خلائی مستقبل کی نئی امید بن کر اُبھر رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ خلائی شعبہ کی اصلاحات سے متاثر ہو کر حکومت اب نیوکلیئر انرجی شعبہ میں بھی تبدیلیاں لا رہی ہے، جس کے ذریعہ ملک کی توانائی سلامتی کو مضبوط کرنے کے ساتھ نجی شعبہ کو سرگرم شراکت داری کا موقع دیاجائے گا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر کوئلہ و کان کنی جی کشن ریڈی نے کہا کہ اسکائی روٹ کا یہ قدم ہندوستان کے خلائی مشن میں ”سنہری باب“ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب وزیراعظم کے ویژن کے تحت لائی گئی اصلاحات ہی کی بدولت ممکن ہو پایا ہے۔
اس سے قبل، اسکائی روٹ کے بانی پون چندن نے بتایا کہ کمپنی ہر ماہ ایک راکٹ لانچ کرنے کے ہدف کی جانب بڑھ رہی ہے اور آئندہ برسوں میں اس شعبہ میں چار ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
یواین آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img