جموں: جموں پولیس نے کرایہ داروں کی تصدیقی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر دو مکان مالکوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ 23 نومبر 2025 کو پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ دو مکان مالکان نے اپنے گھروں میں کرایہ داروں کو بغیر لازمی پولیس ویری فکیشن کروائے رہائش اختیار کرنے کی اجازت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمل ضلع مجسٹریٹ جموں کی جاری کردی ہدایات کی صریح خلاف ورزی ہے جن کے تحت تمام مکان مالکان کے لئے ضروری ہے کہ وہ کرایہ داروں کی تصدیق متعلقہ پولیس اسٹیشن میں کرائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان محمود احمد ولد محمد لطیف ساکن ڈروٹی آر ایس پورہ جموں اور لیکھ راج ولد شنکر داس ساکن ڈروٹی آر ایس پورہ جموں نے اپنی جائیدادیں یعنی جھگیاں متعدد کرایہ داروں کو بغیر ان کی ویری فکیشن رپورٹ جمع کرائے کرایہ پر دے رکھی ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ میں بھارتیہ نیائے سنتھا (بی این ایس) کی دفعہ 223 کے تحت ایک ایف آئی آر درج کی گئی اور معاملے کی مزید تفتیش شروع کی گئی۔
انہوں نے عوام الناس کو ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے کرایہ داروں کی تصدیقی قواعد کی سختی سے پابندی کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





