ہفتہ, نومبر ۲۲, ۲۰۲۵
15.5 C
Srinagar

سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک پاکستانی ڈرون کی پرسرار پرواز، سیکورٹی ایجنسیاں چوکس

جموں: جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع سانبہ میں ایک بار پھر پاکستانی ڈرون کی مشکوک پرواز نے سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب بین الاقوامی سرحد کے نزدیک واقع گھگوال کے ریگل گاؤں کے اوپر ایک ڈرون کو چند منٹ تک پرواز کرتے دیکھا گیا، جس کے بعد وہ واپس پاکستان کی جانب لوٹ گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈرون رات دیر گئے پاکستان کی جانب واقع چک بھورا پوسٹ سے بھارتی حدود کی طرف آتا ہوا دیکھا گیا۔ گراؤنڈ چوکی پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے اس کی نقل و حرکت کو فوری طور پر نوٹ کیا، تاہم ڈرون نے بھارتی حدود میں داخل ہو کر محض چند منٹ تک پرواز کی اور پھر زیرو لائن پار کرتے ہوئے واپس چلا گیا۔ اس دوران علاقہ میں گشت اور نگرانی میں مصروف سیکیورٹی اہلکاروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا۔

بی ایس ایف اور مقامی پولیس نے رات بھر علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن چلایا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کہیں ڈرون کے ذریعے کوئی مشکوک مواد، اسلحہ یا منشیات تو نہیں گرائے گئے۔ صبح تک جاری رہنے والی تلاشی کارروائی میں اب تک کسی ممنوعہ شے کی برآمدگی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ بھی ممکن ہے کہ ڈرون پاکستانی جانب سے محض جاسوسی کے مقصد سے بھیجا گیا ہو، جس کی وجہ سے اس کی پرواز کا دورانیہ مختصر رہا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند مہینوں میں سانبہ، کٹھوعہ اور آر ایس پورہ سیکٹر میں ڈرون کی سرگرمیوں میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سرحد پار اسمگلنگ اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو مضبوط کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ان علاقوں میں ڈرون کے ذریعے گرایا گیا اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات برآمد کیے جا چکے ہیں۔

مقامی لوگوں نے بھی رات کے وقت ڈرون جیسی آواز سننے کی اطلاع دی ہے۔ گاؤں ریگل اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں لوگوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک چیز کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔اس دوران بی ایس ایف نے بھی سرحد پر نگرانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ ہائی ٹیک آلات، جدید نائٹ ویژن سسٹمز اور ٹیموں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دراندازی یا اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔

حکام نے یقین دلایا کہ سرحدی علاقوں میں صورت حال پوری طرح قابو میں ہے اور سیکورٹی فورسز ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img