سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کی صبح نوگام پولیس اسٹیشن میں ہوئے حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
انہوں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور ان کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں 14 نومبر کی شب ایک حادثاتی دھماکہ ہوا جس میں 9 افراد کی موت جبکہ 32 دیگر زخمی ہوگئے جن میں بیشتر پولیس اہلکار شامل ہیں۔
عمر عبداللہ نے منگل کی صبح اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ’ آج صبح وزیر اعلیٰ نے نوگام پولیس اسٹیشن کے حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔‘
پوسٹ میں مزید کہا گیا ’انہوں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ دلی تعزیت پیش کی، مرحومین کے لیے جنت کی دعا کی اور غم کی اس گھڑی میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔‘





