سرینگر،: وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ دہلی دھماکے میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے، تاہم بے گناہوں کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
نوگام دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز ہونے والی ناردرن زونل کمیٹی کی میٹنگ میں یہ مسئلہ اُٹھایا کہ ہر مسلمان کو شک کی نظر سے دیکھنا درست نہیں۔
انہوں نے کہا، ’’دہلی دھماکے کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے انہیں سخت ترین سزا دی جائے، لیکن وہ لوگ جو بے گناہ ہیں، جن کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں اور جو ہمیشہ تشدد کے خلاف آواز بلند کرتے آئے ہیں، انہیں اس معاملے میں گھسیٹنا ٹھیک نہیں۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابتدائی معاوضہ وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ کے ذریعے فراہم کیا گیا ہے، تاہم چونکہ دھماکہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہوا ہے، اس لیے محکمہ داخلہ کو بھی متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ خاندان کو روزگار کے معاملے میں بھی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے درزی کی موت سے متعلق پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں کہا’’میں متعلقہ افسران کو ہدایت دوں گا کہ وہ ضروری کارروائی مکمل کریں تاکہ ملازمت سے متعلق معاوضہ متاثرہ خاندان تک پہنچ سکے،‘‘۔ (کے این او)





