ڈی جی پی نالین پربھات اور دیگر افسران نے اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران ان کے غم میں گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور پولیس محکمے کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر گھر کا ماحول سوگوار تھا اور اہلِ خانہ شدید صدمے میں دکھائی دیے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے بتایا کہ پولیس محکمہ ان اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا:’ہم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے، اور نہ ہی اُن کے اہل خانہ کو تنہا چھوڑیں گے۔ محکمہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔‘
ڈی جی پی پربھات نے مزید کہا کہ انہوں نے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلے کی تلقین کی ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ محکمے کی جانب سے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوگام دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے تمام 9 اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے تعاون اور راحت کے اقدامات پہلے ہی شروع کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کی قربانی دینے والوں کے اہل خانہ کی ہمیشہ خبرگیری کرتی ہے، یہ ہمارا فرض بھی ہے اور ہمارا عہد بھی۔
قابلِ ذکر ہے کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں اس وقت شدید نوعیت کا دھماکہ ہوا تھا جب اہلکار ایک زیرِ تحقیق کیس سے ضبط کیے گئے بارودی مواد کے سیمپلز کی جانچ کر رہے تھے۔ اس دلخراش حادثے میں فورینزک ماہرین، پولیس اہلکاروں اور دیگر محکموں سے وابستہ مجموعی طور پر 9 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوئے تھے۔





