پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی قسم کی قابل اعتماد اطلاع فراہم کرنے والے شہری کے نام اور شناخت کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشتبہ شخص، مشکوک سرگرمی، دہشت گردوں کو فراہم کی جانے والی مدد یا لاجسٹک سپورٹ کے بارے میں فوراً پولیس سے رابطہ کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردوں یا ان کے معاونین کے ٹھکانوں، رسد کے ذرائع، نقل و حرکت، ہتھیاروں کی نقل و حمل یا رابطہ سہولیات سے متعلق کسی بھی اطلاع کو نہایت اہمیت دی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا کہ بروقت اطلاع نہ صرف بڑی وارداتوں کو روکتی ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پونچھ پولیس نے عوام کی سہولت کے لیے واٹس ایپ کے خصوصی نمبرز بھی جاری کیے ہیں، جن کے ذریعے لوگ براہ راست کنٹرول روم یا متعلقہ سب ڈویژنل افسروں تک اپنی معلومات پہنچا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شہری نزدیکی پولیس اسٹیشن، پولیس چوکی یا کسی بھی اہلکار سے بالمشافہ رابطہ کر کے بھی اپنی اطلاعات فراہم کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پونچھ اور راجوری کے جنگلاتی علاقوں میں گزشتہ چند ہفتوں سے ملی ٹینٹ نقل و حرکت کے ان پٹ مل رہے ہیں، جس کے بعد حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ فورسز کی جانب سے جنگلاتی علاقوں، پہاڑی راستوں اور سڑکوں پر گشت میں اضافہ بھی کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دراندازی یا دہشت گردانہ سرگرمی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
اعلیٰ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی کا تعاون دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ پولیس نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گرد اپنے اہداف کے لیے عام شہریوں کا سہارا لیتے ہیں، اس لیے کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینا ایک قومی ذمہ داری ہے۔
بیان میں عوام کے لیے ایک مرتبہ پھر واضح پیغام دیا گیا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے ہر سطح پر سرگرم ہیں، تاہم امن کی بحالی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے شہریوں کی شمولیت بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔





